AddThis

Welcome, as the name suggests, this blog is all about fantasy, literature, art and storytelling. Feedback/suggestions are welcomed. Enjoy! and follow for regular updates...

Wednesday, 1 August 2018

پیر نصیر الدین نصیر گولڑوی

آگئیں چل کے ہوائیں تیرے دیوانے تک
اب یہی لے کے چلیں گی اُسے میخانے تک

کوئی چھیڑے نہ مجھے عہدِ بہار آنے تک
میں پہنچ جاؤں گا خود جھوم کے میخانے تک

آکے خود رقص کیا کرتا ہے جل جانے تک
شمعِ سوزاں کبھی جاتی نہیں پروانے تک

آنا جانا تو ہے واعظ ! میرے کاشانے تک
ایک دن آپ چلے آؤ گے میخانے تک

اب نقاہت کا یہ عالم ہے کہ اُٹھتے نہیں ہاتھ
صرف نظریں ہی پہنچ سکتی ہیں پیمانے تک

اِس کڑے وقت میں احباب نہ کام آئیں گے
تشنگی دے گی سہارا مجھے میخانے تک

دھیان زاہد کا خدا تک کسی صورت نہ گیا
دسترس تھی اُسے تسبیح کے ہر دانے تک

تجھ کو بھولے سے بھی مَیں بُھول سکوں، ناممکن
یہ تعلق تو رہے گا میرے مر جانے تک

دل پہ عالم یہ گُھٹن کا ، یہ صبا کے غمزے
دیکھئے کیا ہو ، تری زلف کے لہرانے تک

راہ دُشوار نہیں ، سنگ نہیں ، خار نہیں
مُطمئن ہو کے وہ آئیں میرے کاشانے تک

تم تو اپنے تھے ، نہ تھی تم سے یہ اُمّید ہمیں
کوئی مرتا ہو تو آ جاتے ہیں بیگانے تک

آج کل بیخودیِ شوق کا عالم ہے عجیب
کہیں مَیں آپ نہ کھو جاؤں تجھے پانے تک

موت برحق ہے ، مگر آخری خواہش یہ ہے
سانس چلتی رہے میری ، تیرے آ جانے تک

بات کرنی ہے نکیرین سے تنہا سب کو
ساتھ رہتے ہیں یہ احباب تو دفنانے تک

مَسندِ پیرِ مغاں دُور بہت ہے مجھ سے
ہاتھ اُٹھ کر بھی پہنچتے نہیں پیمانے تک

قدم اُٹھتے نہیں ، اب ضعف کا عالم ہے نصیرؔ
کوئی لے جاۓ مجھے تھام کے میخانے تک

پیر نصیر الدین نصیر

No comments:

Post a Comment